1 0

(ن) لیگ کا اجازت نہ ملنے کے باوجود منڈی بہاؤالدین میں جلسہ کرنے پر اصرار

منڈی بہاؤالدین میں مسلم لیگ (ن) کو جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود بھی ن لیگی کارکنوں نے جلسے کی تیاریاں جاری رکھی ہیں۔

گزشتہ روز منڈی بہاؤالدین انتظامیہ نے مسلم لیگ (ن) کو قائداعظم گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا لیکن ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے آج ہر حال میں وہاں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انتظامیہ نے قائداعظم گراؤنڈ کو سیل کردیا جب کہ گراؤنڈ میں بارش کا پانی بھی جمع ہے۔

ن لیگی رہنما اورجلسہ کے منتظم شاہد رضا نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے 70 سے زائد کارکن گرفتار کیےگئے ہیں، ٹینٹ اور ساؤنڈ سسٹم کے عملے کو بھی دھمکایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او منڈی بہاؤ الدین ناصر سیال نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی سیاسی کارکن کوحراست میں نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم پارک سے قریب اسپتال جلسہ اسپورٹس اسٹیڈیم میں کرنےکا کہا ہے ان کےجلسے کے لیے مکمل تعاون کریں گے اورسیکیورٹی بھی دیں گے۔

جب کہ اس سے قبل ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، لیگی قیادت کو شہر سے باہر کھلی جگہ یا رسول روڈ اسٹیڈیم پر جلسے کیلئے کہا گیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے آج ہر حال میں منڈی بہاؤالدین جانے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اصل خوف نواز شریف کے پیچھے کھڑی عوامی طاقت کا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں