2

ملک میں آج اب تک کورونا سے ایک ہلاکت، مزید 205 کیسز رپورٹ

ملک میں آج کورونا وائرس سے اب تک ایک ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 834 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 38799 تک جاپہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 291 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 255 اور پنجاب میں 245 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 31، اسلام آباد 7، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

کُل ٹیسٹ: 359،264
صحتیاب مریض: 10،800 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال
آج بروز ہفتہ اب تک ملک بھر سے کورونا کے مزید 205 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جن میں بلوچستان سے 147 کیسز ایک ہلاکت، اسلام آباد 55 کیسز اور کشمیر سے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں۔

بلوچستان
بلوچستان حکومت کی جانب سے جمعے کو کورونا کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تاہم آج سرکاری پورٹل پر جاری اعداد و شمار میں صوبے میں مزید 147 کیسز اور ایک ہلاکت بتائی گئی ہے۔

پورٹل کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 2457 اور ہلاکتیں 31 ہوگئی ہیں۔

اس کے علاوہ صوبےمیں 383 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 55 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 921 ہو گئی ہے جب کہ ایک ہلاکت کے بعد دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر سے آج کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 108 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 76 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ
جمعہ کو سندھ سے کورونا وائرس کے مزید 817 کیسز اور 12 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5566 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مزید 817 نئے کیسز ظاہر ہوئے اور 12 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 14916 اور اموات 255 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 533 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3066 ہوگئی ہے۔

پنجاب
پنجاب میں جمعے کو کورونا کے مزید 11 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 245 ہوگئی۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق مزید 287 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 14201 تک جاپہنچی ہے۔ صوبے میں 4757 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں جمعے کو کورونا کے مزید 255 کیسز رپورٹ ہوئے اور 7 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 5678 اور ہلاکتیں 291 ہوگئی ہیں۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ پشاور میں 4، مردان 2 اور صوابی میں ایک ہلاکت ہوئی۔

محکمہ صحت کے مطابق مزید 108 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1613 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں جمعے کو مزید 17 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 518 ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں