2 13

پی آئی اے کے طیارے میں دوران پرواز آگ لگ گئی

2

لاہور: پی آئی اے کے بیرون ملک جانے والے طیارے میں دوران پرواز انجن فیل ہونے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے تمام مسافروں کو بچا لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی پرواز 755 سیالکوٹ سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض جا رہی تھی کہ دوران پرواز اچانک طیارے کا ایک انجن فیل ہو گیا اور جہاز کے کارگو رکھنے والے پورشن میں آگ بھڑک اٹھی، طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے، تاہم پائلٹ نے فوری طور پر لاہور رن وے کو کلیئر کرنے کو کہا اور جہاز کو بحفاظت ہنگامی طور پر لاہور ائیرپورٹ پراتار لیا۔پی آئی اے کی سول ایوی ایشن انتظامیہ نے ریسکیو کی آگ بجھانے والی گاڑیاں اور ایمبولینس فوری طور پر رن وے پر بھیج دیں جہاں ریسکیو اہل کاروں نے جہاز کے کارگو پورشن میں لگنے والی آگ کو بجھایا، جہاز کے قریب کسی بھی شخص کو آنے نہیں دیا گیا یہاں تک کہ پی آئی اے کے انجینئرنگ اسٹاف کو بھی قریب آنے کی اجازت نہیں دی گئی، تاہم طیارے سے تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق طیارے میں لگنے والی آگ کے اسموک کا سگنل کاک پٹ میں موجود پائلٹ کو ملا جس کے بعد طیارہ فوری طور پر لینڈ کروایا گیا، پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ طیارے میں نہیں صرف کارگو پورشن میں لگی، طیارے کا معائنہ جاری ہے۔ پی آئی اے ترجمان نے تمام مسافروں کی حفاظت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تمام مسافروں کو ریاض بھیجنے کا متبادل بندوبست کیا جا رہا ہے، طیارے سے مسافروں کا سامان بھی اتار لیا گیا ہے، اب پرواز جہاز بدل کر ریاض کے لیے روانہ ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں