15 159

پاکستان :2017 میں گوگل پر تلاش کی جانے والی شخصیات

سال 2017 اپنے اختتام کی جانب تیزی سے گامزن ہے ایسے میں ذکر کر لیتے ہیں ایسی شخصیات کا جو گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کی گئی ہیں۔

گوگل نے ان تمام شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جنہیں پاکستانی 2017 میں سب سے زیادہ سرچ کرتے رہے۔ اس فہرست کے مطابق نجی چینل سے شہرت حاصل کرنے والی فبیہا شیرازی کو رواں سال سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ہے۔

فبیہا شیرازی کی شارٹ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جنہیں بڑی تعداد میں لوگوں نے دیکھا۔ فہرست میں دوسرے نمبر پر معروف نوحہ خواں ندیم سرور رہے جنہیں پاکستانیوں نے فبیہا شیرازی کے بعد سب سے زیادہ سرچ کیا۔

تیسرے نمبر پر نیوی میں فرائض انجام دینے والے فخر زمان نے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد بہترین کرکٹ کھیل کر کروڑوں لوگوں کے دل جیت لیے۔ گوگل پر پاکستانی عوام فخرزمان کے بارے میں بھی معلومات تلاش کرتی رہی۔

پاکستانیوں نے بھارتی اداکار رشی کپور کو چوتھے نمبرپر سب سے زیادہ سرچ کیا اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں کیونکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر رشی کپور کی ٹوئٹ نے پاکستانیوں کو غصے میں مبتلا کردیا تھا تاہم جب پاکستان نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں ہرادیا تو رشی کپور نے پاکستان کو اس جیت کی مبارکباد دی۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانیوں نے انہیں بھی سب سے زیادہ سرچ کیا۔ ڈراموں میں اداکاری کرنے والی اداکارہ ردا اصفہانی کوان کی لیک ہوجانے والی ویڈیوز کی وجہ سے لوگ رواں سال گوگل پر تلاش کرتے رہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ شوہر سے جھگڑوں اورعلیحدگی کے باعث انٹرنیٹ پر چھائی رہیں۔ فریال کی جانب سے عامر خان کو دی جانے والی دھمکی اور پھر معافی کی خبروں نے پاکستانیوں کو ان کے بارے میں معلومات اکھٹی کرنے کے لیے مصروف رکھا۔

معروف الیکٹرانک کمپنی کے سی ای او اور پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی اس لسٹ میں ساتویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں ان کی ٹیم پشاور زلمی کی کامیابی کے بعد وہ پاکستانیوں کا انٹرنیٹ پر ہاٹ موضوع رہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے ماضی کے نامور اداکار آصف رضا میر کے صاحبزادے احد رضا میر کو صرف ایک ڈرامے’یقین کا سفر‘نے راتوں رات پاکستان کی مقبول ترین شخصیات کی فہرست میں لاکھڑا کیا۔ احد رضا میر کا ڈرامے میں ڈاکٹر اصفندیار کا کردار اتنا زیادہ مشہور ہوا جتنا ’ہم سفر‘ ڈرامے میں فواد خان کا کردار ہوا تھا۔

پاکستانی خاص طور پر خواتین احد رضا میر کی شخصیت، خوبصورتی اور اداکاری کی دیوانی ہوگئیں۔ رواں سال انہیں بھی گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

فلم نامعلوم افراد 2 میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی نامور ماڈل و اداکارہ ہانیہ عامر اس وقت شدید تنقید کی زد میں آگئیں جب انہوں نے جہاز میں اپنے پیچھے بیٹھے مسافر کی اجازت کے بغیران کی تصاویر لینے کی کوشش کی۔ ان کی اس حرکت پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن نے رواں سال کوئی خاص اور قابل ذکر کام تو نہیں کیا تاہم پھر بھی لوگ انہیں گوگل پر سرچ کرتے رہے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں رواں سال بالی ووڈ فلموں، دنگل، رئیس، جگاجاسوس، ہاف گرل فرینڈ، منا مائیکل، وجہ تم ہو، ہالی ووڈ فلم فاسٹ اینڈ فیورس8، ڈبلیو ڈبلیو ای کے اصول اورعید مبارک بھی سرچ کرتے رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں