6 17

ایپل اسمارٹ فون کی فروخت میں کمی

تائیوان: ایپل کمپنی کی جانب سے آئی فون کو جان بوجھ کر سست کرنے کے اعتراف کے بعد ایپل کے فون کی فروخت میں کمی آ گئی۔ عالمی میڈیا کے مطابق کم ازکم ایشیا کی حد تک ایپل کے نئے اسمارٹ فون کی طلب اور فروخت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے جو کرسمس اور خریداری کے باوجود ابتدائی تخمینوں سے بہت کم ہے۔ تائیوان کے اکنامک ڈیلی نے بھی اعتراف کیا ہے کہ اس سال ایپل کمپنی کے تیار کردہ جدید ترین اسمارٹ فون کی فروخت پر بھی اثر ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں نے اگلی سہ ماہی میں بھی اس کی فروخت میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔ توقع ہے کہ اگلے تین ماہ میں آئی فون ایکس کے تین کروڑ یونٹ فروخت ہوں گے جب کہ ابتدائی اندازہ تھا کہ شاید پانچ کروڑ فون خریدے جائیں گے تاہم اب تک ایپل نے آئی فون ایکس کی فروخت کی کل تعداد نہیں بتائی جو اب تک ایک معما ہے۔ دوسری جانب امریکی تجزیہ کار کمپنی جے ایل وارن کیپٹل نے مزید مایوسی کی خبر سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئی فون ایکس کی قیمت بہت زیادہ ہے اور اس میں جدتیں کم ہیں جن کی بنا پر اس کی فروخت میں کمی ہو کر اگلی سہ ماہی میں صرف ڈھائی کروڑ یونٹ ہی فروخت ہو سکیں گے۔ اس کی وجہ نہ صرف ڈلیوری میں تاخیر ہے بلکہ ایپل کی جانب سے یہ اعتراف بھی ہے کہ وہ اپنے فون کو شعوری طور پر سست کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ایپل کمپنی نے کچھ روز قبل اعتراف کیا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس کے فون کارکردگی میں سست ہوتے چلے جاتے ہیں اور یہ سب ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جان بوجھ کر کیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں