1 13

بلوچستان کا نیا وزیراعلیٰ کون؟ انتخاب کیلئے اسمبلی کا اجلاس جاری

کوئٹہ: نواب ثناء اللہ زہری کے مستعفی ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا انتخاب آج کیا جارہا ہے۔

بلوچستان اسمبلی کی اسپیکر راحیلہ درانی کی سربراہی میں اسمبلی کا اجلاس شروع ہوچکا ہے اور ارکان اکثریت آج کے اجلاس میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے موجود ہے۔

اجلاس کے آغاز میں قصور میں قتل ہونے والی کمسن زینب اور ایئرمارشل (ر) اصغر خان سمیت کوئٹہ دھماکے کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس کے بعد اسپیکر نے اراکین کو قائد ایوان کے انتخاب کا طریقہ کار بتایا۔

صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا جائے گا جب کہ نیا وزیراعلیٰ آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے گذشتہ روز کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جس میں مسلم لیگ (ق) کی جانب سے عبدالقدوس بزنجو جب کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سےآغا لیاقت اور عبدالرحیم زیارتوال نے کاغذات جمع کرائے۔

اسمبلی اجلاس سے کچھ دیر قبل ہی پشتونخوا میپ کے عبدالرحیم زیارتوال وزارت اعلیٰ کے دوسرے امیدوار سید لیاقت علی کے حق میں دستبردار ہوگئے جس کی تحریری درخواست انہوں نے سیکریٹری اسمبلی کو جمع کرائی۔

دوسری جانب ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے باعث اسمبلی آنے والے تمام راستے صبح 8 بجے سے بند رہیں گے۔

عبدالرزاق چیمہ نے مزید کہا کہ اہم اجلاس کے لیے اسمبلی کی سیکیورٹی پر پولیس کے 900 اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ فرنٹیئر کور کے اہلکار بھی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ اسمبلی میں بغیر شناختی کوائف کے کسی کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

خیال رہے کہ نواب ثناء اللہ زہری نے اپنی ہی جماعت کے ناراض اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے سے قبل ہی 9 جنوری کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ثناء اللہ زہری نے اپنا استعفیٰ گورنر بلوچستان خان محمد اچکزئی کو پیش کیا جسے منظور کرتے ہوئے انہوں نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے آج (13 جنوری) کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں