1 332

حرف کار کے نام سے اردو کا جدید ترین سافٹ ویئر تیار

اسلام آباد: حرف کار کے نام سے اردو کا ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کر لیا گیا ہے جو خود کار طریقے سے املا کی غلطیاں درست کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ اردو کا اپنی نوعیت کا پہلا سافٹ ویئر ہے جو نہ صرف غلط الفاظ کی نشان دہی کرتا ہے بلکہ ایک ہی کلک سے عبارت میں موجود سیکڑوں غلط الفاظ خود کار طریقے سے پلک جھپکنے میں درست بھی کر دیتا ہے۔اس سافٹ ویئر سے جہاں اردو میں پروف ریڈنگ کے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی وہیں اردو کا ایک ہی املا رائج کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ سافٹ ویئر ممتاز شاعر اور ناول نگار اختر رضا سلیمی اور معروف سافٹ ویئر پروگرامر سعید رضا خان اور ان کی ٹیم نے ایک سال کے عرصے میں تیار کیا ہے۔ اختر رضا سلیمی نے کہا ہے کہ ’’ہم نے اس سافٹ ویئر کی تیاری میں اردو کی تمام اہم جدید و قدیم لغات کے ساتھ ساتھ اردو کے قدیم و جدید سرمائے سے بھی استفادہ کیا ہے ۔املا کی درستی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں جہاں مقتدرہ قومی زبان کے زیر اہتمام 1985 میں املا اور رموز و اوقاف کے موضوع پر ہونے والے سمینار کی سفارشات سے استفادہ کیا گیا ہے وہیں 1973-74 میں بھارت میں املا کے حوالے سے بننے والی کمیٹی کی سفارشات کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کی قومی زبان اردو کا ایک ہی املا رائج ہو ۔اپنی اسی خواہش کو عملی جامعہ پہنانے کے لیے ہم نے یہ سافٹ ویئر تیار کیا ہے جس کا 95 فی صد کام مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ ماہ ہم اس کی افتتاحی تقریب منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘‘سافٹ ویئر پروگرامر سعید رضا خان کا کہنا تھا کہ’’ یہ سافٹ ویئر ڈاٹ نیٹ میں تیار کیا گیا ہے اور اس میں کوئی بھی تھرڈ پارٹی ٹول استعمال نہیں کیا گیا اور یہ صرف ایک ہی پوٹ ایبل فائل پر مشتمل ہے جسے انسٹال کرنے کی ضرورت بھی در پیش نہیں ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ اس سافٹ ویئر کا سائز بہت معمولی ہے اور اسے کسی بھی کمپیوٹر میں آسانی سے چلایا جا سکے گا۔ ‘‘اس وقت اردو دنیا میں بے شمار الفاظ کا ایک سے زائد املا رائج ہے توقع کی جا رہی ہے کہ اس سافٹ ویئر کے مارکیٹ میں آنے سے نہ صرف اردو املا کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اردو ذرائع ابلاغ کی دنیا میں بھی ایک انقلاب برپا ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں