14 88

اسمارٹ فونز نوٹی فکیشن سے باخبر رکھنے والی 5 حیرت انگیز ڈیوائسز

اکثر صارفین موبائل کہیں نا کہیں رکھ کر بھول جاتے ہیں یا پھر ہر وقت ساتھ رکھنے میں انہیں الجھن محسوس ہوتی ہے اور کچھ تو بہانے بنا دیتے ہیں کہ ہمیں کوئی میسج یا کال موصول نہیں ہوئی۔

ایسی صورت میں چند ایسی ڈیوائسز ہیں جو صارف کو نوٹی فکیشن کے ذریعے موبائل فون کی سرگرمی سے پل پل آگاہ کرے گی۔

یعنی اگر صارف کے موبائل فون میں کوئی پیغام، ای میل یا واٹس ایپ میسج آتا ہے تو اس کی اطلاع اب یہ مختصر ڈیوائس دیں گی۔

ڈیٹو:

ڈیٹو ایک بہت چھوٹی ڈیوائس ہے جس کی مدد سے صارف اپنے موبائل فون میں موصول ہونے والی تمام کالز، میسجز، ای میلز اور ایپس کے نوٹیفکیشن حاصل کرسکتے ہیں۔

صارف کا فون کسی دوسری جگہ پر موجود ہونے کی صورت میں بھی ڈیٹو ڈیوائس فون پر آنے والے پیغامات سے آگاہ کرتی ہے۔

ڈیٹو کو باآسانی آستین، کالر یا جیب میں لگایا جاسکتا ہے جب کہ اسے جم یا کسی بھی کام کے وقت اپنے ساتھ ہمیشہ رکھا جا سکتا ہے۔

کرونز:

یہ ایک پتلی سی ڈسک ڈیوائس ہے جسے بریسلٹ یا پھر گھڑی میں چپکا کر ہاتھ میں پہنا جا سکتا ہے ۔

یہ ہر لمحہ موبائل نوٹیفکیشن بذریعہ الارم بجا کر دے سکتی ہے اس کے علاوہ صارف چاہے تو رنگا رنگ لائٹس کے ذریعے بھی نوٹی فکیشن الرٹ حاصل کرسکتا ہے۔

اس کی مدد سے گھڑی سے ہی پرفیکٹ سیلفی لی جاسکتی ہے اور اگر موبائل گم ہو جائے تو اس پر دو بار کلک کرنے سے موبائل بجنا شروع ہوجاتا ہے جس سے پتہ چل جاتا ہے کہ موبائل کہاں ہے ۔

رنگلی بریسلٹ:

اگر اسے اسٹائلش ڈیوائس کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، رنگلی بریسلٹ گھڑی نما ڈیوائس ہے جسے آسانی سے کلائی پر پہنا جاسکتا ہے۔

جب بھی کال یا کوئی بھی اہم میسج موبائل میں موصول ہوگا تو رنگلی بریسلٹ میں ہلکی روشنی نمودار ہوگی جو اس جانب نشاندہی کرے گی کہ فون پر پیغام آیا ہے۔

اسپائر اسٹون:

اسپائر اسٹون واٹر پروف ڈیوائس ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ اگر واشنگ مشین میں یہ گر جائے تو خراب ہونے کا بھی خدشہ نہیں ہوتا۔

یہ ڈیوائس نا صرف موبائل فون کو ڈھونڈنے میں مدد فراہم کرے گی بلکہ سانس اور دل کی دھڑکن کو مانیٹر کر کے اس کا بھی نوٹیفکیشن دے گی ۔

یہ وائرلیس ڈیوائس ہے جسے صرف اس کے پیڈ پر رکھ کر چارج کرنا ہوگا اور یہ مسلسل 10 دن تک کام کرسکتی ہے۔

بیلابیٹ لیف ڈیوائس:

بیلابیٹ لیف نامی ڈیوائس خاص طور پر خواتین کے لئے بنائی گئی ہے، پتے کی شکل کی یہ ڈیوائس خواتین کو ان کی صحت سے متعلق پل پل کی خبر دیتی ہے۔

یہ ڈیوائس باقاعدہ کوئی بزر الارم نہیں دیتی البتہ وائبریٹ اور لائٹ بلنک کرکے دن بھر کی صحت سے متعلق اور روٹین کے حوالے سے نوٹیفکیشن دیتی ہے۔

بیلابیٹ لیف ڈیوائس صارف کو چلنے، تیز سانس لینے، سونے اور جاگنے تک کا نوٹی فکیشن دیتی ہے، اس میں کوئی بٹن اور اسکرین نہیں صرف ایک بار اسے فون کے ساتھ (sync) کرنا ہوگا جس کے بعد یہ ڈیوائس خود کار نظام کے تحت چل پڑے گی۔

اس ڈیوائس کی خاص بات یہ ہے کہ اسے خواتین بطور لاکٹ گلے میں پہن سکتی ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں