fazal-rahman 120

زرداری مولانا فضل الرحمن کی حمایت حاصل کرنے کےلئے سرگرم

آصف زرداری نے رضاربانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کی مخالفت کردی
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے رضاربانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کی مخالفت کردی۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیرمین کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آصف علی زرداری سے جب سوال کیا گیا کہ نوازشریف نے میاں رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کی تجویز دی ہے جس پر آصف زرداری نے مختصراً جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ایسا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کےلیے مولانا فضل الرحمان نے کچھ وقت مانگا ہے اور وہ پارٹی سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے آگاہ کریں گے تاہم امید ہے مولانا فضل الرحمان ہمیشہ کی طرح ہمارا ساتھ دیں گے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے کچھ تجاویز پیپلزپارٹی اور کچھ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آئی ہیں ، ہم ان تجاویز کا جائزہ لیں گے اور اس سلسلے میں پارٹی کی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کرکے مشاورت کریں گے اور اپنی تجاویز بھی پیش کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری سے ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین سینیٹ کے لیے میاں رضا ربانی اور وائس چیئرمین کے لیے مولانا عبدالغفور حیدری کا نام تجویز کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں