9 19

وزیر اعظم پاکستان دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اتوار کے روز سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ اسلامی فوج کے انسداد دہشت گردی اتحاد کی مشقیں دیکھیں گے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق فوجی مشقیں دیکھنے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔ وفد میں وزیر دفاع خرم دستگیر، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر شامل ہیں۔ سعودی عرب پہنچنے پر ان کا استقبال دمام کے گورنر شہزادہ سعود بن نائف اور مملکت میں پاکستان کے سفیر نے کیا۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز پیر کو مشترکہ خلیج ڈھال فوجی مشق کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ مشرقی ریجن ظہران میں ہونے والی فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں سربراہ کانفرنس میں شریک ممالک کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔

مشترکہ خلیج ڈھال فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئر عبداللہ السبعی نے کہا ہے کہ اختتامی تقریب کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اس میں 24 ممالک کی فوجوں نے شرکت کی تھی۔ فوجی مشقوں کا بنیادی مقصد تجربات کے تبادلے کے علاوہ امن واستحکام کی حفاظت اور نئی مہارتیں حاصل کرنا ہے۔

سعودی عرب کے فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا کے سرفہرست ملکوں کو فوجی مشق جوائنٹ گلف شیلڈ میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے۔ امریکا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، پاکستان، بحرین، کویت اور ترکی مشقوں میں حصہ لینے والے ملکوں میں شامل ہیں جو ایک ماہ جاری رہیں گی۔ مشقوں میں بری ،بحری، فضائیہ اور خصوصی افواج کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں