2 67

انڈونیشیا: گرجا گھروں کے بعد سورابایا کے پولیس ہیڈ کوارٹرز پر حملہ، 10 زخمی

سورابایا: انڈونیشیا کے دوسرے بڑے شہر سورابایا میں گذشتہ روز گرجا گھروں پر 3 خودکش دھماکوں کے بعد آج موٹرسائیکل سوار 4 حملہ آوروں نے شہر کے پولیس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 خودکش بمباروں نے پولیس ہیڈ کوارٹرز کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑایا، حملہ آوروں کی شناخت کا عمل باقی ہے۔

ایسٹ جاوا پولیس کے ترجمان فرانس بارونگ منگیرا نے بتایا کہ حملہ آوروں کے ساتھ ایک 8 سالہ بچی بھی تھی، جو واقعے میں بچ گئی، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سورابایا کے مختلف مقامات پر 3 گرجا گھروں میں داعش سے متاثر خود کش حملہ آوروں نے چند منٹوں کے وقفے سے دھماکے کیے تھے، جن کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ یہ دھماکے منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے، جن کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ تھا۔

انڈونیشیا کے خفیہ ادارے نے تصدیق کی تھی کہ خودکش حملوں میں داعش کی ذیلی تنظیم جمع انشورت دولہ ( جے اے ڈی) ملوث ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں