1 81

پرویز مشرف کو وطن واپسی کیلئے کل دوپہر 2 بجے تک کی مہلت

لاہور: سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کو وطن واپسی کے لیے کل دوپہر 2 بجے تک کی مہلت دے دی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر پرویز مشرف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بغاوت کے مقدمے کا سامنا کرنے کو تیار ہیں تاہم تحفظ کی ضمانت دی جائے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پہلے کہہ چکے کہ پرویز مشرف واپس آئیں انہیں تحفظ دیں گے تاہم لکھ کرگارنٹی دینے کے پابند نہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف سیاستدانوں کی طرح میں آرہا ہوں کی گردان مت کریں، انہیں کس بات کا تحفظ چاہیے اور کس خوف میں مبتلا ہیں، اگر وہ کمانڈو ہیں تو آکر دکھائیں، اتنا بڑا کمانڈو کیسے خوف کھا گیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف کل 2 بجے تک آجائیں ورنہ قانون کے مطابق فیصلہ کردیں گے اور اگر وہ نہ آئے تو ان کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال نہیں ہونے دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں